لیاقت آباد میں مشتعل شہریوں کا کےالیکٹرک دفتر پر حملہ، بجلی تقسیم کار کمپنی کی مذمت

July 01, 2024

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے کے الیکٹرک کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔ کے الیکٹرک نے اپنے دفتر پر ہونے والے اس حملے کی مذمت کی ہے۔

لیاقت آباد آئی بی سی کے باہر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ اس دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک علاقے میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرے۔

تاہم اس دوران مظاہرین نے کےالیکٹرک کے دفتر کے باہر وال چاکنگ بھی کی، اس کے علاوہ مشتعل مظاہرین نے دفتر کے باہر کھڑی کےالیکٹرک کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کیے جس کے بعد مظاہرین احتجاج ختم کر کے منتشر ہوگئے۔

دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں کےالیکٹرک کے دفتر پر حملے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی ایریا اور الکرم اسکوائر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔ حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔