اقوام متحدہ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق ورکنگ گروپ کی رپورٹ کی ذمہ داری لینے سے گریز

July 03, 2024


اقوام متحدہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق ورکنگ گروپ کی رپورٹ کی ذمہ داری لینے سے گریز کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ترجمان اسٹیفن ڈیو جیرک نے یو این ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیا ہے۔

ایک سوال پر یو این جنرل سیکریٹری کے ترجمان اسٹیفن ڈیوجیرک نے کہا ہے کہ یو این ورکنگ گروپ کی پاکستان سے متعلق رپورٹ ایک آزاد پینل کی سفارشات ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سیاست اور بانی پی ٹی آئی کی صورتحال میں مزید مثبت تبدیلی آئے۔

واضح رہے کہ یو این ورکنگ گروپ نے دو دن قبل اپنی سفارشات میں بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا سفارشات میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی حراست من مانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلا ف ذلفی بخاری کی پٹیشن پر یو این ورکنگ گروپ نے یہ قانونی رائے دی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا کوئی قانونی جواز نہیں، بظاہر اس کا مقصد انہیں نا اہل کرنا تھا۔

ورکنگ گروپ نے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ ورکنگ گروپ کو پاکستان آکر بانی پی ٹی آئی کی قید میں حالات کی تحقیقات کی اجازت دے۔