پی ایم اینڈ ڈی سی کی غزہ کے طلباء کو پاکستان میں میڈیکل تعلیم جاری رکھنے کی اجازت

July 03, 2024

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلباء کو پاکستان میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ کونسل کا یہ فیصلہ غزہ کے طلباء کو پاکستان میں انسانی ہمدردی بنیادوں پر میڈیکل تعلیم جاری رکھنے کے قابل بنانے کےلیے کیا گیا ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں یہ فیصلہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی درخواست پر کیا کہ وہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے غزہ کے طلباء کو پاکستان میں ایڈجسٹ کریں گے تاکہ غزہ کے طلباء کےلیے ایک مستحکم اور وسائل سے بھرپور ماحول بنانے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

کونسل کے پاس PM&DC قانون / ضوابط کے تحت پاکستان میں غیر ملکی طلباء کے کلینیکل روٹیشن کا خاص بندوبست نہ ہونے کے باوجود ہائی کمیشن نے تجویز پیش کی کہ طلباء 20 سے 30 کے بیچز میں آئیں گے، جن کی متوقع تعداد 100 طلباء پر مشتمل ہوگی اور پاکستان میں ان کی کلینیکل پلیسمنٹ مکمل ہونے پر، یہ طلباء غزہ کی یونیورسٹیوں سے پاکستانی میڈیکل کالجوں میں کلینیکل سروسز کے لیے فارغ التحصیل ہوں گے۔

سرکاری شعبے سے منسلک تدریسی ہسپتال، بطور خاص صدر PM&DC اور کونسل ممبران کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ ان طلباء کو اسی سالوں میں پاکستانی میڈیکل ایجوکیشن سسٹم میں آسانی سے شامل کیا جا سکے۔

صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے میڈیا سے بات کرتے وضاحت کی کہ یہ وقت کی ضرورت ہے اور کونسل مصیبت کی اس گھڑی میں ان طلباء کے ساتھ مدد کرنا چاہتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیکل تعلیم حاصل کرنے سے غزہ کے طبی طلباء کو بہت سے فوائد مل سکتے ہیں۔ جس سے ان کی کمیونٹیز اور غزہ میں صحت کی دیکھ بھال کے مجموعی نظام پر اثر پڑے گا۔

صدر پی ایم اینڈ ڈی سی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے اثرات سے غزہ کے طلباء کو پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا تاکہ دونوں خطوں کے درمیان تعلیمی تبادلے اور تعاون کو فروغ ملے اور پاکستان اور فلسطین کے درمیان سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے۔