منال خان نے مداح کی خواہش رد کرکے اسکا دل توڑ دیا

July 02, 2024

--- فائل فوٹو

پاکستانی شوبز سے وابستہ اداکارہ منال خان نے اپنے مداح کی خواہش رد کرکے اس کا دل توڑ دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنے عید کے دوسرے دن کے سیاہ و سفید جوڑے میں نئی ویڈیو شیئر کی۔

انہوں نے اپنے جوڑے کے رنگوں کی مناسبت سے مذکورہ پوسٹ کا کیپشن لکھا اور زندگی کو بھی سیاہ و سفید قرار دیا۔

تاہم ان کی مذکورہ پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں ایک صارف نے اپنی دلی خواہش کا اظہار کرکے سب کی توجہ سمیٹ لی۔

غلام اکبر نامی صارف نے اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے انہیں شادی کی پیشکش کی اور لکھا کہ میں آپ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔

صارف کے تبصرے نے فوراً ہی اداکارہ کی توجہ حاصل کی اور انہوں نے اپنے مداح کا دل توڑتے ہوئے اسے بتایا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے مذکورہ صارف کو لگے ہاتھوں ’بھائی‘ بھی کہہ دیا۔

دل کا حال بیان کرنے والے صارف نے منال خان کی توجہ حاصل کرنے کے بعد ایک بار پھر ان کی پوسٹ کا رخ کیا اور اداکارہ کے شادی شدہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ یہ سن کر دکھ ہوا۔

بس پھر کیا تھا دیکھتے ہی دیکھتے اداکارہ کی پوسٹ پر صارف کا تبصرہ وائرل ہوگیا۔

واضح رہے کہ منال خان نے ستمبر 2021 میں اداکار احسن محسن اکرام کے ساتھ شادی کی تھی جبکہ گزشتہ سال نومبر میں اس جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔