زارا نور عباس نے بیٹی کا نام ’نورِ جہاں‘ رکھنے کی دلچسپ وجہ بتا دی

July 02, 2024

پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے بیٹی کا نام ’نورِ جہاں‘ رکھنے کی دلچسپ وجہ بتا دی۔

والدین کی جانب سے اپنی اولاد کے لیے پہلا اور خوبصورت تحفہ اس کا بامعنی نام ہی ہوتا ہے۔ کسی بھی انسان کا نام اس کی شخصیت کا آئینہ ہوتا ہے اس لیے بچے کا نام رکھتے وقت غور و فکر کرنا چاہئے۔

خیال رہے کہ اداکارہ زارا نور عباس کا تعلق شوبز انڈسٹری سے وابستہ باصلاحیت خاندان سے ہے۔ ان کے نانا احمد بشیر ایک نامور مصنف تھے، وہ اداکارہ بشریٰ انصاری کی بھانجی اور اداکارہ اسماء عباس کی صاحبزادی ہیں جبکہ ان کے شوہر اسد صدیقی کا تعلق بھی اسی انڈسٹری سے ہے۔

حال ہی میں زارا نور نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دوران انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنی بیٹی کا نام نورِ جہاں رکھنے کی وجہ بتا دی۔

انہوں نے بتایا کہ نورِ جہاں سے قبل ان کا ایک بیٹا ہوا تھا، جس کا نام انہوں نے مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کے نام پر اورنگزیب رکھا تھا، اس لیے اورنگزیب کے بعد جب بیٹی کی پیدائش ہوئی تو اس کا نام نور جہاں رکھنے کا سوچا کیونکہ اورنگزیب عالمگیر کی دو بہنیں تھیں، ایک جہاں آرا اور دوسری نور جہاں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب ان کےسسر کو اس بات کا علم ہوا تو انہیں ملکہ ترنم میڈم نور جہاں یاد آگئیں، تو انہوں نے مشورہ دیا کہ نور جہاں کی جگہ نام نورِ جہاں کرلو ۔

اداکارہ کی مغلیہ سلطنت سے لگاؤ دیکھ کر میزبان نے سوال کیا کہ کیا کبھی شوہر اسد صدیقی نے انہیں تاج محل بنا کر دینے کا وعدہ کیا تھا؟، جس پر انہوں نے کہا کہ جہاں تک محل کی بات ہے میں جس ماحول میں رہ رہی ہوں وہ میرے لیے محل ہی ہے۔

واضح رہے کہ اسد صدیقی اور زارا نور عباس 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش رواں سال مارچ میں ہوئی جس نام انہوں نے نورِ جہاں رکھا۔

یاد رہے کہ شادی کے چند سال بعد اسد صدیقی نے جنوری 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ طبی پیچیدگیوں کے باعث زارا کا ایک حمل ضائع ہوا تھا۔