کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ایک ورکنگ گروپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی سربراہ عمران خان کا من مانے انداز میں قید رکھا جانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے ʼآربیٹریری ڈیٹنشن ورکنگ گروپ‘ کی طرف سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس عمل کا ʼʼمناسب مداوا یہ ہو گا کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جاے اور عالمی قانون کے مطابق ہرجانے کا حق دیا جائے۔‘‘
خیال رہے کہ عمران خان سائفر کیس اور توشہ خان کیس کے علاوہ دوران عدت نکاح سے متعلق کیسز میں کئی برس کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی ان کے خلاف مختلف نوعیت کے دیگر کیسز کی سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔