نجکاری کرتے ہوئے ملازمین کا تحفظ پیشِ نظر رکھنے پر اتفاق

July 04, 2024

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان--- فائل فوٹو

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیرِ صدارت نجکاری کمیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے خصوصی شرکت کی۔

وفاقی وزراء کو ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کے عمل کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور نجکاری کے تکنیکی اور قانونی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ نجکاری کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین کا تحفظ پیشِ نظر رکھا جائے گا۔

وفاقی وزراء نے نجکاری کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور پرائیوٹائزیشن کمیشن کے فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نجکاری کا عمل صاف شفاف ہونا چاہیے اور غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی طرح دیگر اداروں کی نجکاری بھی یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کی ہر پیشکش سب کے سامنے اور کیمروں کی موجودگی میں کھولی جائے۔