بدعنوانی معاشرے کے لیے ناسور ہے، کمشنر ہزارہ ڈویژن

July 05, 2024

پشاور (جنگ نیوز) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر السلام نے کہا ہے کہ بد عنوانی معاشرے کے لیے ناسور ہے اور اس کے خاتمے سے ہی معاشرے کی بہتری یقینی بنائی جا سکتی ہے۔معاشرے کی بھلائی اور ترقی کے لیے بد عنوانی کے خاتمے کیلیے انفرادی اور اجتمائی طور پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ کرپشن ایک سماجی ظلم ہے اور اس کی سزا دنیا میں بھی ہے اور آخرت میں بھی ہے۔ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ جن معاشروں میں انصاف نہیں ہوتا ان میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے تمام سرکا ری اداروں کو مل کر میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا جس سے ہمارا مستقبل محفوظ ہو سکے ۔ بدعنوانی اور سست روی کی وجہ سے سرکاری اداروں سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے اس لیے اب سرکاری ملازمین کو ایسی پالیسی بنانی ہوں گی جس سے عوام میں اداروں کا اعتماد دوبارہ بحال ہو سکے۔ان خیالات کا اظہا ر کمشنر ہزارہ دویژن سید ظہیرالسلام نے انسداد بد عنوانی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد اور نیب خیبر پختونخوا کے تعاون سے جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں شہریوں کی آگاہی کے لیے بد عنوانی کے عنوان پر آگاہی سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔