لیونل میسی کا باڈی گارڈ انٹرنیٹ پر وائرل، یہ شخص کون ہے؟

July 09, 2024

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں جو اکثر ان کے لیے مشکلات بھی پیدا کردیتے ہیں۔

لیونل میسی کے ساتھ تصاویر بنوانے اور انہیں ایک مرتبہ چھونے کی خواہش رکھنے والے مداحوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔

کئی مرتبہ لیونل میسی کو دیکھ کر مداح اپنی خواہشات کو پورا کرنے کی کوش کرتے ہیں لیکن فٹبالر کے ساتھ ان کا باڈی گارڈ یہ کوشش اکثر ناکام بنا دیتا ہے۔

انٹرنیٹ پر اسی طرح کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں یاسین چیوکو نامی باڈی گارڈ کو بجلی کی پُھرتی کی طرح لیونل میسی کی طرف آنے والے مداحوں پر جھپٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یاسین چیوکو نامی باڈی گارڈ کی مہارت اور تیزی کئی مرتبہ لیونل میسی کو مداحوں سے بچا چکی ہے، وہ ہمیشہ فٹبالر پر نظر رکھتے ہیں اور مداحوں کو ان کے زیادہ نزدیک نہیں آنے دیتے۔

یاسین چیوکو کی مہارت اور تیزی کی سوشل میڈیا پر بھی خوب تعریف کی جارہی ہے۔

لیونل میسی کا باڈی گارڈ کون ہے؟

غیرملکی میڈیا کے مطابق یاسین چیوکو ایک سابق امریکی فوجی اہلکار ہے جو عراق اور افغانستان میں خدمات انجام دے چکے ہیں، انہیں مبینہ طور پر لیونل میسی کی حفاظت کے لیے انٹر میامی کلب کے صدر ڈیوڈ بیکھم کی ذاتی سفارش کے بعد رکھا گیا تھا۔

لیونل میسی پر گراؤنڈ کے اندر اور باہر نظر رکھنا اور ان کو خطروں سے بچانا اس باڈی گارڈ کی ذمے داری ہے۔

یہ باڈی گارڈ فٹبال میچز کے علاوہ عام وقت میں لیونل میسی کے ساتھ ہوتا ہے، شاپنگ ہو یا اہلخانہ کے ساتھ باہر جانا لیونل میسی کا یہ گارڈ سائے کی طرح ان کے ساتھ رہتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کے باڈی گارڈ یاسین چیوکو سوشل میڈیا پر بھی اچھے خاصے مشہور ہیں، وہ سوشل میڈیا پر باکسنگ اور مارشل آرٹس کی تربیت کے طریقہ کار کی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ کئی فائٹنگ مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔