ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچالیں: شیخ رشید

July 15, 2024

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد---فائل فوٹو

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچا لیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حالات خراب اور معیشت تشویش ناک ہے، میں نے بطور وزیر 5 سال معافی دی، اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتا ہوں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آپ نے صنم جاوید کو وکیل کے چیمبر سے گرفتار کیا ہے، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا ستیاناس کیا، بہتر ہے ہمیں 2، 2 سال سزا بنتی ہے وہ دیتے تو کاٹ لیتے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ بڑھانے جا رہے ہیں، آپ اس ملک میں چھینا جھپٹی چاہتے ہیں، آپ حالات اتنے خراب کر دیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے، غریب زندہ مر گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو 10 سال ختم نہیں ہوتے، ملک کینیا بنتا جا رہا ہے، کے پی اور بلوچستان میں کیا حالات ہیں؟ خدا کے لیے اپنی عزت اور ملک بچائیں، ملک کی معیشت ان سے نہیں سنبھل رہی۔

ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام ذلیل ہونے کے لیے رہ جائیں گے، بانیٔ پی ٹی آئی کو کیسے چھوڑیں گے، روز کہتے ہیں وہ آ رہا ہے، وہ نہیں آ رہا، قبر 1 اور مردے 3 ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز اور شہباز کا بھی اب فیصلہ ہو گا، ایک مشرق دوسرا مغرب کو جائے گا، گرمی میں لوگ مر رہے ہیں کسی کو احساس نہیں، انہوں نے اپنے کیسز ختم کرائے، 77 لاکھ لوگوں نے ملک چھوڑنے کے لیے پاسپورٹ جمع کرا دیے۔

شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ خالی نوکریوں پر بھی پابندی لگا دی، عدلیہ کو سلام ہے، مخصوص نشستوں پر تاریخی فیصلہ کیا ہے، عدلیہ ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔