پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر پی پی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، خورشید شاہ

July 15, 2024

خورشید شاہ : فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

اپنے بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے بھی یہ بات سنی ہے، اب یہ عدالتوں کے فیصلے ہیں دیکھیں عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے، ہمیں سیاست کرنی چاہیے ان چیزوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی میں ہوں اور پیپلز پارٹی کی پالیسی کے ساتھ کھڑا ہوں، پیپلز پارٹی کی طرف سے ابھی کوئی ڈائریکشن نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے، کیا فیصلہ ہوچکا ہے کہ آئین جو مرضی کہے ایک پارٹی کو وہ دیا جائے گا جس کا اسے حق نہیں۔