حکومت کا پابندی کا اعلان نوبال اور مایوسی کا اظہار ہے، بیرسٹر گوہر

July 15, 2024

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہاہے کہ ہمیں حکومت کے ارادوں کا علم تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے حکومت کے پی ٹی آئی پر پابندی کے اعلان کو ’نو بال‘ اور ’مایوسی‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کو حکومت کے ارادوں کا پہلے سے علم تھا، حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فل بینچ کے فیصلے کی توہین ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم قانونی جدوجہد کررہے ہیں، ہمارے پاس کوئی گوریلا فورس نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس ن لیگ کا زیر التوا ہے، سائفر کا کیس ہائی کورٹ سے ختم ہوگیا ہے، پوچھتا ہوں کہ اس پر کہاں کی پابندی بنتی ہے؟

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ یہ فارم 45 اور مخصوص نشستوں سے توجہ ہٹانےکےلیے یہ ہتھکنڈے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوائے 3 کے ہمارے تمام اراکین اسمبلی نے بیان حلفی جمع کرادیے ،جو رہ گئے ہیں وہ کل تک جمع ہوجائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے ایک رکن اسمبلی کے بیٹے کو اٹھایا گیا، اس کی والدہ کو فون کرائے گئے۔ ہمارے رکن امیر سلطان کو رات کے وقت اٹھا لیا گیا لیکن وہ بیان حلفی تیار کرچکے تھے، جو ہمارے پاس آچکا اور فائل بھی ہوچکا ہے۔