حکومت کو پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا اختیار نہیں، بیرسٹر سیف

July 16, 2024

خیبر پختون خوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف---فائل فوٹو

خیبر پختون خوا حکومت کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے کوئی اثر نہیں پڑے گا، حکومت کو پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کوئی اختیار نہیں۔

ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ہم چیلنج کرتے ہیں، آئیں ہمت کریں، سپریم کورٹ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان کا فیصلہ ان کے گلے پڑے گا، ہم ان کا مقابلہ ہر میدان میں کریں گے۔

مشیرِ اطلاعاتخیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کا آپشن کھلا ہے، اسلام آباد میں عنقریب ہمارا جلسہ ہو گا۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ن لیگ کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے، مسلم لیگ ن کے اندر اقتدار کی لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 8 فروری کو پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت کے طور پر ابھری ہے، سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس پر وفاقی حکومت کو سبکی ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔