مون سون ہوائیں آج سے کراچی میں داخل ہوں گی

July 16, 2024

---فائل فوٹو

مون سون ہوائیں آج سے کراچی میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے 18جولائی تک مضافات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ٹھٹہ، بدین سجاول، حیدر آباد، تھر پارکر، عمر کوٹ اور میر پور خاص میں بھی 18 اور 19 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ سانگھڑ، جیکب آباد اور سکھر میں بھی 18 اور 19 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 21 جولائی کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے شمال اور مشرقی علاقوں میں 17 سے 19 جولائی کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے۔

کراچی: آج پارہ 38 ڈگری پر، شدت 43 ڈگری کی محسوس ہو گی

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ آج اور کل کراچی میں پارہ 38 یا 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے جبکہ گرمی کی شدت 43 ڈگری یا اس سے زائد محسوس کی جا سکتی ہے۔

اس حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ کراچی کے شمال، شمال مشرقی اور شمال مغربی کے علاقوں آج سے 18 جولائی کے دوران گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ بحیرۂ عرب سے آنے والی نم ہواؤں کے باعث دوپہر کے بعد بادل بن سکتے ہیں، 18 جولائی تک گڈاپ، سپر ہائی وے کے اطراف کے علاقوں، ملیر، سرجانی اور گلشن معمار میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔