ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی نے دادا سے اپنے تعلقات بتا دیے

July 18, 2024

تصویر بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی کائی ٹرمپ نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 17 سالہ کائی ٹرمپ نے بدھ کو ریپبلکن نیشنل کنونشن میں اسٹیج پر تقریر کی جہاں ان کے دادا ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کائی ٹرمپ نے کہا کہ میرے نزدیک وہ ایک عام سے دادا ہیں جو ہمیں ہمارے والدین کے نہ ہونے پر ٹافیاں اور سوڈا دیتے ہیں، وہ ہمیشہ جاننا چاہتا ہیں کہ ہم اسکول میں کیسی پڑھائی کر رہے ہیں۔

کائی ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دادا مجھے اسکول کے دوران فون کر کے مجھ سے میرے پسندیدہ کھیل گالف کے بارے میں پوچھتے ہیں، مجھے ان کو بتانا پڑتا تھا کہ میں اسکول میں ہوں اور میں آپ کو بعد میں فون کروں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی نے کہا کہ ہفتے کو میں حیران رہ گئی جب میں نے سنا کہ میرے دادا کو گولی مار دی گئی ہے، میں صرف یہ جاننا چاہتی تھی کہ وہ ٹھیک ہیں، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ تھا۔

واضح رہے کہ ہفتے کو امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے۔