خاتون کو ہنسی مذاق کرنا مہنگا پڑگیا، تیسری منزل سے گر کر ہلاک

July 18, 2024

دوستوں کے ساتھ ہنسی مذاق کرنا بھارتی خاتون کو مہنگا پڑگیا، جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے قریب ایک رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر خاتون کی اس وقت موت ہوگئی جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ہنسی مذاق میں مشغول تھی۔

اس واقعے کی فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلی، جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی شناخت نگینہ دیوی منجیرام سے ہوئی ہے، جسے گڑیا دیوی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، عمارت میں چوکیداری کا کام کرتی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق نگینہ دیوی کے گرتے ہی ان کا ایک اور دوست بھی عمارت کی تیسری منزل سے گرنے لگا تھا لیکن وہاں موجود دیگر لوگوں کے بروقت اقدام سے اس کی جان بچالی گئی جبکہ خاتون گرتے ہی ہلاک ہوگئی۔

مذکورہ خاتون کے اہل خانہ میں ان کا ایک بیٹا اور بیٹی ہیں جنہیں اس حادثے سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔