فرانس: مختلف زونز میں اولمپکس ٹکٹ کے بغیر داخلہ بند کر دیا گیا

July 18, 2024

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مختلف زونز میں اولمپکس کے ٹکٹس کے بغیر آنے والے افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں اولمپکس 2024ء کے زون میں بغیر پاس کے افراد کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں لگا کر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام دہشت گردی سے متعلق موصول ہونے والی دھمکیوں، کھلاڑیوں اور عوام کے تحفظ کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔

پیرس پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس اس وقت پرامن ماحول برقرار رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب بروز جمعہ 26 جولائی 2024ء کو منعقد کی جائے گی جبکہ اس سے دو روز قبل ہی فٹ بال اور رگبی سیونز ایونٹس کے ابتدائی مراحل، 24 جولائی سے شروع ہو جائیں گے۔

پہلا تمغہ ہفتہ 27 جولائی کو دیا جائے گا۔

اولمپکس گیمز 2024 کا سلسلہ 11 اگست کو اپنے اختتام کو پہنچے گا۔