پاکستان کا افغان حکومت سے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

July 19, 2024

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ---فائل فوٹو

دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نےمطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پر دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے بنوں کینٹ میں دہشتگرد حملے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے، یہ دہشتگرد حملہ حافظ گل بہادر گروپ کی طرف سے کیا گیا جو کھلے عام افغانستان میں گھوم رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان نائب مشن کو جاری احتجاجی مراسلے کے بارے میں بیان جاری کر چکے ہیں، افغان مشن کے نائب اور ڈی جی افغانستان کے درمیان گفتگو کی تفصیل میں نہیں جاؤں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے افغان حکام کو اس حملے کے ماسٹر مائنڈ اور حافظ گل بہادر گروپ کے خلاف سنجیدہ کارروائی کرنے کا کہا ہے، ہم نے افغان انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گرد گروہ کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کو ان دہشتگرد گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے، افغان حکومت کی طرف سے دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی ناکافی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بارہا کہا افغانستان میں موجود کالعدم گروپوں کی قیادت، دہشتگردی میں ملوث افراد کو حوالے کیا جائے، پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث افغانستان میں مقیم دہشتگردوں کو غیر مسلح کیا جائے۔

افغانستان میں محرام الحرام میں عبوری حکومت کے سخت رویے پر سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مذہبی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں، محرم الحرام کے حوالے سے آزادی سے سرگرمیوں کی اجازت ہونی چاہیے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے 9 محرم کو مسقط میں دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عمان میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستان غزہ میں اسکولوں پر جاری بربریت اور محرم کے موقع پر کشمیر میں کی گئی گرفتاریوں کی بھی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ 22 سے 24 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کینیا کی عدالت کی جانب سے ارشد شریف کیس پر فیصلے کو دیکھا ہے، ہم عدالتی کارروائی کے باعث فیصلے پر تبصرہ نہیں کریں گے، خوشی ہوئی کہ انسانی جان جانے پر بڑا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کی جانب سے صدارتی تقریب حلف برداری کے حوالے سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بنگلادیش میں دن بدن رونما ہونیوالے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں، ہمیں اعتماد ہے کہ بنگلادیش کے عوام جلد ان معاملات کو حل کر لیں گے۔