پاکستان تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق ن لیگ کا پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

July 19, 2024

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرتے ہوئے---فائل فوٹو

سپریم کورٹ کے فیصلے اور پاکستان تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق لائحہ عمل پرپاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جس کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات آج دوپہر ایوانِ صدر میں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آج پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے اسحٰق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ عرفان قادر، احمد چیمہ اور ایاز صادق مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک، شیری رحمٰن اور نیئر بخاری مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل منصور اعوان کیس سے متعلق صدرِ مملکت آصف زرداری اور ارکان کو بریفنگ دیں گے۔