ام رباب چانڈیو کے اہلخانہ قتل کیس، مشیروں اور گواہوں سے جرح مکمل

July 22, 2024

خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) تفصیلات کے مطابق ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ دادو کے جج حسن علی کلوڑ کی عدالت میں زیر سماعت ام رباب چانڈیو کے تین اہلخانہ کے ہائی پروفائل مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ ام رباب چانڈیو مقدمہ کے مدعی پرویز چانڈیو کیساتھ عدالت میں پہنچ گئی جبکہ زیر الزام ایم پی اے سردار احمد خان چانڈیو،سابق ایس ایچ او کریم بخش چانڈیو اورجیل میں قید سکندر چانڈیو سمیت دیگر ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدلت میں مقدمہ کے مشیر اسد اﷲ کے وکلاء کی جانب سے جرح مکمل کی گئی۔جس کے بعد عدالت نے اگلی سماعت31جولائی تک ملتوی کردی۔دریں اثناء ام رباب چانڈیو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشیروں اور گواہوں کے بیانات سے پیشرفت ہورہی ہے،مطمئن ہوں، عدالت سے انصاف کی امید ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرداری نظام کو سندھی قوم نے رد کردیا ہے جبکہ پولیس سرداروں کو بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ پریا کماری کے احتجاج پر پولیس کی لاٹھی چارج کی مذمت کرتی ہوں۔ وقت ہے کہ تمام مظلوم ظالموں، سرداروں مظالم اور نا انصافیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔