آئی ایم ایف سے بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات جاری ہیں، وزیر خزانہ

July 23, 2024

چینی وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کروں گا، محمد اورنگزیب - فوٹو: فائل

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات جاری ہیں، اگست کے آخر میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بیرونی فنانسنگ گیپ پر مذاکرات اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری میں رکاوٹ نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے مختلف فورمز پر ہماری مدد کی ہے، چینی وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کروں گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آج رات دورہ چین پر روانہ ہوں گا، وزیر توانائی اویس لغاری بھی ہمراہ ہوں گے۔ چینی حکام کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات بات چیت ہو گی۔