ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ میں طلاق کی اہم وجوہات سے متعلق دعویٰ

July 24, 2024

---فائل فوٹو

بھارتی کھلاڑی ہاردیک پانڈیا اور اِن کی اہلیہ، سربین اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ نے گزشتہ ہفتے، 18 جولائی کو اپنے درمیان باقاعدہ طور پر علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

ہاردیک پانڈیا اور نتاشا میں علیحدگی کی خبریں چند ماہ قبل سامنے آئی تھیں جس کے بعد اس جوڑی نے اب حال ہی میں علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

محبت سے شادی تک کا سفر:

ہاردیک پانڈیا نے 31 مئی 2020 کو اپنی دیرینہ محبت اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ سے ممبئی کی ایک عدالت میں شادی کی تھی۔

اس سے قبل یہ جوڑا ایک دوست کے ذریعے ایک دوسرے سے ملا تھا، ہاردیک اور نتاشا میں طویل عرصے تک ڈینٹگ جاری رہی تھی۔

2020 ء میں عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے عائد سماجی پابندیوں کے سبب ان کی شادی کی شاندار تقاریب منعقد نہیں ہو سکی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے گزشتہ برس ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ہندو اور عیسائی ثقافتوں کے مطابق دوبارہ شادی کی تھی۔

خیال رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کا ایک 4 سال کا بیٹا ’اگستیہ‘ بھی ہے جس کی پیدائش جولائی 2020ء میں ہوئی تھی۔

نتاشا اسٹینکووچ بھارت چھوڑ کر اپنے ملک سربیا واپس جا چکی ہیں مگر اس جوڑے نے علیحدگی کے باوجود بیٹے کی پرورش مشترکا طور پر کونے کا فیصلہ کیا ہے۔

طلاق کی اہم وجوہات سے متعلق دعویٰ

بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹائمز ڈاٹ کام‘ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں اس جوڑے کے درمیان ہونے والی طلاق کی اہم وجوہات سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردیک اور نتاشا دونوں ہی ایک دوسرے سے شادی سے قبل متعدد رومانوی تعلقات میں رہ چکے ہیں۔

ہاردیک پانڈیا شادی سے قبل اداکارہ اروشی روٹیلا اور ایلی کے ساتھ ڈیٹنگ کر چکے ہیں۔

دوسری جانب اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ کا بھی اداکار علی گونی کے ساتھ رومانوی تعلق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نتاشا اور علی گونی کی علیحدگی بھارتی ڈانس شو ‘نچ بلیے‘ کے دوران ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑی پر ایک ساتھ رہنے اور علیحدگی کے بعد سماجی دباؤ کافی زیادہ تھا جس کی وجہ ہاردیک کا ایک معروف اور امیر کرکٹر ہونا تھا۔

نتاشا اسٹینکووچ کو اکثر اوقات لالچی اور شہرت کے لیے شادی کرنے جیسے الزامات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس جوڑی کو شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد سے لے کر آج تک دیگر حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اس تنقید سے سب سے زیادہ متاثر نتاشا ہو رہی تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نتاشا پر کی جانے والی تنقید شادی سے قبل حاملہ ہوجانے سے لے کر ہاردیک کے مشکل وقت میں ساتھ نظر نہ آنے پر مبنی تھی۔