ملک کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، سیاسی رہنما

July 25, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل قومی سیاسی جماعتوں کی صوبائی کونسل کامشترکہ اجلاس ، مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا ،اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت مسلمین، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے صوبائی قائدین نے شرکت کی ،آئین کی بحالی، پارلیمان کی بالادستی، قانون کی سربلندی کیلئے اور ملک میں بڑھتی مہنگائی، غربت، بے روزگاری، بجلی لوڈشیڈنگ، بانی پی ٹی آئی ان کی اہلیہ سمیت ہزاروں سیاسی قیدیوں کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف 26 جولائی جمعہ کو مرکز کی ہدایت پر سندھ بھرمیں بھی پر امن یوم احتجاج کا اعلان کیا گیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹری علی احمد پلھ ایڈووکیٹ نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال مملکت میں 25 کروڑ عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں،لوگوں کو اظہار رائے کے جرم میں گرفتار کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر سمیت تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو فوری برطرف ، الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگا کر کارروائی عمل میں لائی جائے،صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا کہ ملک میں آئینی بحران درپیش ،لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے، بی این پی مینگل حمید سجنانے کہا کہ یہ ظلم و جبر کی داستانیں 70سال سے جاری ہیں،بانی پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے کے باوجود قید رکھنا زیادتی ہے،صوبائی رہنماء پشتونخوا میپ صابرین خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی اسیران کو رہا،فارم 47 کی مسلط حکومت کا فوری خاتمہ،الیکشن کا انعقاد جائے۔