ہربھجن سنگھ نے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے پر زہر اگلنا شروع کردیا

July 26, 2024

فائل فوٹو

بھارت کے سابق اسپن بولر ہربھجن سنگھ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے راستے پر ابھی سے ہی کانٹے پھینکنا شروع کردیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ پڑوسی ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال اب بھی غیر مستحکم ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کرکٹر نے بھارتی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں شرکت اور پاکستان جانے کی تصدیق کرنے سے پہلے حکومت سے منظوری لینے کے بھارتی بورڈ کے فیصلے کی بھی حمایت کی۔

ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کیوں جائے؟ پاکستان میں حفاظت کے خدشات ہیں، پاکستان میں حالات ایسے ہیں کہ تقریباً ہر روز حادثات ہوتے رہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ وہاں جانا بھارتی ٹیم کے لیے محفوظ ہے۔ اور بی سی سی آئی کا مؤقف بالکل درست ہے اور ہمارے کھلاڑیوں کی حفاظت سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں ہے، میں کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت ٹیم کے پاکستان جانے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری 2025ء میں پاکستان میں شیڈول ہے۔