ہم لڑنا نہیں، سب اداروں کی قدر کرنا چاہتے ہیں، بیرسٹر گوہر

July 26, 2024

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ لڑنا نہیں چاہتے، سب اداروں کی قدر کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لوگوں کے بیوی بچوں کو اٹھانے سے راستہ نہیں بن سکتا، لوگوں کی بچیوں کو اٹھاؤ تو راستہ ہاتھ سے نکل جاتا ہے، خلق خدا کی آواز کو نہ روکو، تبدیلی کی آواز کو موقع دو۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا، پی ٹی آئی پہلی مرتبہ سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی بننے جا رہی ہے، چیف جسٹس پی ٹی آئی کے بارے میں فیصلے پر عمل درآمد کروائیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان میں جو تبدیلی آئے گی وہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کی تبدیلی ہوگی، الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے نوٹیفکیشن کا حکم دیا، الیکشن کمیشن کو ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے بیان حلفی جمع کروا چکے، الیکشن کمیشن جلد نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ مخصوص نشستوں کا حق ہمیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو جلد از جلد رہا کیا جائے، بشریٰ بی بی کا جیل میں ہونا پاکستانی قانون کی خلاف ورزی ہے، ان کا توشہ خانہ میں دور دور تک تعلق نہیں۔