جماعت اسلامی کے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر دھرنے

July 26, 2024

فوٹو سوشل میڈیا

اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر دھرنے دینے کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی نے جڑواں شہروں کے 4 مقامات پر دھرنا دے دیا۔

مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی نے مری روڈ راولپنڈی، زیرو پوائنٹ اسلام آباد، چونگی نمبر 26، جبکہ راولپنڈی میں لیاقت باغ کے باہر دھرنا دے دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے دھرنے میں شریک ہیں، وہ چونگی نمبر 26 پر دھرنے کی قیادت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک کو سیل کردیا اور پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستے بند کردیے، جماعت اسلامی کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون حساس علاقہ ہے، کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، راستے بند کر دیے گئے، مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

حکومت کی جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیشکش

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا حکومت جماعت اسلامی سے مذاکرات کرنے کو تیار ہے، جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں جلسہ یا دھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس وقت لاکھوں نان فائلر کو فائلر بنانے کے لیے سسٹم لایا جارہا ہے، بجلی بلوں پر 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔