سٹریٹ کرائم بے لگام، درجنوں موبائل فون، نقدی، 6 موٹرسائیکل چھین لئے گئے

July 27, 2024

اسلام آباد (ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ، سرقہ بالجبر ،سڑیٹ کرائم ، نقب زنی اور چوری کی 84 وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ ایک کار ، رکشہ اور 34موٹر سائیکل اڑالئے گئے ۔چھ موٹر سائیکل ، 15 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی جبکہ 18موبائل جھپٹا مار کر چھین لئے گئے۔ 15گھروںکے تالے ٹو ٹ گئے اور چور صفایا کرکے چلتے بنے ۔ تھانہ دھمیال کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر وقار علی کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا ۔ تھانہ ترنول ، سبزی منڈی ، کورال ، شہزاد ٹائون اور تھانہ بنی کے علاقوںسے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل چھین لئے گئے ۔تھانہ ویسٹریج کے علاقے ویلی روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں کی فائرنگ سے سجاد رضا نامی شہری زخمی ہو گیا ۔