سعودیہ نے خام تیل دوبارہ ادھار دینے کی حامی نہیں بھری، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

July 27, 2024

اسلام آباد (جنگ نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کو بریفنگ میں سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے بتایاکہ پاکستان کا رواں سال سعودی عرب اور چین سے 9ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کروانے کا پلان ہے جبکہ سعودی عرب نے خام تیل دوبارہ ادھار پر فراہم کرنے کی حامی نہیں بھری‘سیاسی وجوہات کی وجہ سے کوئی بیرونی سرمایہ کار دیامیربھاشا ڈیم پر بات کرنے کو تیار نہیں، سیلاب زدگان کیلئے 10ارب ڈالر کے وعدے ہوئے ملے اب تک 3ارب ڈالر ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ اقتصادی امورحکام عرب کوآرڈی نیشن گروپ اور قطر فنڈ فار ڈویلپمنٹ سے فنڈنگ کیلئے رابطے میں ہیں، رواں مالی سال چین اور سعودی عرب سے 9ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرایا جائے گا جبکہ رواں مالی سال دیامربھاشا ڈیم کیلئے ایکسٹرنل فنانسنگ کا انتظام ہو جائے گا۔مجموعی طور پررواں سال پاکستان کو 20.8 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں‘رواں مالی سال اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 50کروڑڈالر ادھار آئل اینڈکموڈیٹی کیلئےملیں گے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ جنیوا ڈونرکانفرنس کے تحت پاکستان کو ابھی تک صرف 3ارب ڈالر موصول ہو سکے، پاکستان پروجیکٹ فنانسنگ کی مد میں 10.7ارب ڈالر کی یقین دہانیاں ہیں، رواں مالی داسوہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے عالمی بینک سے ایک ارب ڈالر موصول ہوں گے، اس پروجیکٹ کا پہلا فیز 2027میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کو این 5کا تعمیراتی ٹھیکہ دیا جائے گا۔سیکرٹری اکنامک افیئر ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں تمام این جی اوز کے منصوبوں کی نگرانی کا میکنزم نہیں، این جی اوزکی فنڈنگ ٹیرر فنانسنگ کیلئے استعمال نہ ہو اس کی نگرانی کی جاتی ہے۔قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تاخیر کا شکار بیرونی فنانسنگ پر مشتمل منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔