صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دوں گا، اپنے فیصلے خود کریں گے، وزیراعلیٰ کے پی

July 27, 2024

بنوں، پشاور(نمائندہ جنگ+جنگ نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ امریکی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا جس کا فائدہ نہیں نقصان ہوا، میں بحیثیت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعلان کرتا ہوں کہ اس صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے،اپنے فیصلے خود کریں گے،ا من اور انصاف مانگیں گے نہیں لیں گے، ضرورت پڑ نے پر ہماری پولیس کا رروائی کرےگی ،غیرملکی ایجنڈے پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا جس کا فائدہ نہیں نقصان ہوا ،حلف دیتا ہوں حق، امن اور انصاف کے لیے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا، غلط پالیسیوں کی وجہ سے کے پی کے لوگوں نے نقصان اٹھایا، ہمارے نام پر ڈالر لیے گئے ہم اس پر بھی تحفظات ہیں، لیکن پہلے بھی ملک کےلئے تن من دھن کی قربانی دی ہےاور قربانی دینا ہمارے خون میں ہے پھر بھی اس ملک کے لیے قربانی دیں گے، ایسے عناصر موجود ہیں جو ہماری بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔ہمارے فیصلے ہم خود کریں گے۔بنوں امن مارچ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صدیوں پر محیط تاریخ ہے اور پاکستان کو آزاد کرانے میں پختونخوا اور پشتنوں نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔