درجنوں ممالک نے عالمی ڈیجیٹل تجارتی اصول کے معاہدے کو حتمی شکل دیدی

July 27, 2024

جنیوا (اے ایف پی) برطانیہ نے گزشتہ روز کہا کہ درجنوں ممالک نے برسوں سے جاری مزاکرات کے بعد عالمی ڈیجیٹل تجارتی اصولوں کو طے کرنے کےمعاہدے کو حتمی شکل دی ہے۔ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے اور سہولت فراہم کرنے کے مقصدکے تحت ان اقدامات میں آن لائن صارفین کے تحفظات، کسٹم کے طریقہ کار کی ڈیجیٹلائزیشن اور الیکٹرانک دستخطوں کی پہچان شامل ہیں۔برطانیہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ تجارت کو تیز، سستا، منصفانہ اور زیادہ محفوظ بنائے گا۔ڈیجیٹل کامرس روایتی تجارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔اقتصادی طور پر ترقی یافتہ ممالک کے او ای سی ڈی گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے اندازہ لگایا ہے کہ 2020 میں ای کامرس پہلے ہی عالمی تجارت کا ایک چوتھائی حصہ بن چکا ہے، جس کی مالیت محض 5 ٹریلین ڈالرسے کم ہے۔برطانوی وزیر تجارت جوناتھن رینالڈز نے ایک بیان میں کہاکہ اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باوجود مشترکہ عالمی قوانین موجود نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو حتمی شکل دینا اسے درست سمت دینے اور برطانوی کاروبار کو فائدہ پہنچانے کی جانب ایک بہت بڑا اقدام ہے۔بات چیت کا آغاز 2019 میں کیا گیا تھا،امریکہ، یورپی یونین اور چین سمیت مذاکرات کرنے والے ممالک عالمی تجارتی تنظیم کی 90 فیصد رکنیت کی نمائندگی کر رہے تھے۔