جیٹ فیول ٹینکر حادثہ، انتظامی نااہلی، کئی بے قاعدگیوں کا بھی انکشاف

July 27, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )بلوچ کالونی پر جیٹ فیول سے بھرے ٹینکر کوحادثے کے حوالے سے انتظامی نااہلی کے کئی سوال سامنے آئے ہیں۔

حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور نے آئل ٹینکر سے چھلانگ لگائی اور فرار ہو گیا۔ واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں کئی بے قاعدگیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔آئل ٹینکراپنے مقررہ روٹ سے ہٹ کر بلوچ کالونی پہنچا تھا۔آئل ٹینکر پر کسی جگہ بھی پی ایس او کا لوگو نہیں تھا۔

آئل ٹینکرز مائی کلاچی سے شیریں جناح کی جانب جاتے ہیں۔ تمام آئل ٹینکرز رات 11 بجے کے بعد قیوم آباد کی طرف جاتے ہیں اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے ہوتے ہوئے مقررہ روٹ تک پہنچتے ہیں۔ حادثے کا شکار آئل ٹینکر 1993کا ماڈل ہے۔

حادثے کے بعد پولیس، رینجرز، ٹریفک پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے۔حادثہ ہونے سے لے کر ریسکیو عمل مکمل ہونے تک ضلعی انتظامیہ غائب رہی۔ شہریوں کی جانب سے جیٹ فیول کو برتنوں ،ڈبوں اورڈرمز میں بھرنے کا عمل جاری رہا۔شہریوں کی جان ومال محفوظ بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے تھے۔