ضلع سکھر میں سیلاب متاثرین کیلئے 3100 گھروں کی تعمیر مکمل

July 28, 2024

سکھر ( جنگ نیوز) سندھ حکومت کی جانب سے ضلع سکھر میں سیلاب متاثرین کیلئے زیر تعمیر 83417گھروں میں سے 3100گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز روہڑی میں سیلاب متاثرین میں گھروں کی تقسیم کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں صوبائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ اور ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور چیئرمین ضلع کائونسل سکھر نے 100 سیلاب متاثرین میں گھروں کی چابیاں اور مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے‘ ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی راجہ دھاریجو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے صوبہ بھر میں 2.1 ملین گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا ہے‘ پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ کی تکمیل سے سندھ کی ایک کروڑ آبادی مستفید ہو گی‘ دو سال میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا کام مکمل کرلیں گے۔ ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کررہی ہے‘ 2.1 ملین گھروں کی تعمیر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے‘ پیپلز ہاؤسنگ منصوبے سے نہ صرف متاثرین کو چھت میسر آئیگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں‘ مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت و برساتوں وغیرہ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ تشکیل دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔