گوادر جلسے میں جانیوالوں کو روکنے پر کشیدگی، فائرنگ سے 14 زخمی

July 28, 2024

کوئٹہ/مستونگ(نمائندہ جنگ/نامہ نگار) گوادر میں ہونےوالے اجتماع میں شرکت کیلئے جانے والے قافلوں کوکوئٹہ سمیت صوبے کی بعض شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے روکنے پر حالات کشیدہ ہوگئے۔

مستونگ کے قریب قافلے پر مبینہ فائرنگ سے 14 افراد زخمی ،کوئٹہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 140 افراد کو گرفتار کرلیا گیا،قلات ڈویژن ،مکران ڈویژن ، ساحلی شاہراہ پر بھی پولیس تعینات رہی۔

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں آج ہونے والے اجتماع میں شرکت کیلئے جانے والے قافلوں کو روکنے کیلئے جمعہ کی شب ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون، ہزارگنجی بائی پاس، مغربی بائی پاس، لکپاس اور سبی روڈ پر کنٹینر لگاکر راستوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کیا تھا۔

قلات ڈویژن ،مکران ڈویژن، گوادر اور کراچی کے درمیان ساحلی شاہراہ پر بھی رکاوٹیں کھڑی پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی جنہوں نے اجتماع میں شرکت کیلئے جانے والے قافلوںکو روک دیا تاہم بعض قافلے رکاوٹیں عبور کرکے آگئے بڑھنے میں کامیاب ہوگئے۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے میں سیکورٹی انتظامات اور امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف اضلاع میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ میں پہلے سے ہی دفعہ 144 نافذ ہے اور ریڈ زون میں کسی کو احتجاج اور ریلی کی اجازت نہیں ہے اب تک دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 140 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔