خیبرپختونخوا، کرم میں دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ، ایف سی اہلکار جاں بحق، 5 زخمی

July 28, 2024

پشاور /اسلام آباد (آئی این پی)خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے پولیس اسٹیشن پر حملے میں ایک ایف سی اہلکا ر شہید اور 5زخمی ہو گئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہبازشریف ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر نے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پولیس کے مطابق وسطی کرم میں دہشت گردوں نے پولیس سٹیشن پر حملہ کیا ، حملہ وسطی کرم کے سرپاخ تھانے پر کیا گیا ،ذرائع کے مطابق حملے میں چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے تھانے کو نشانہ بنایا گیا،حملے میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق اور 5 جوان زخمی ہوگئے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وسطی کرم میں طویل عرصے سے عسکریت پسند سرگرم ہیں۔