اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہوجائیں، وفاق سے پیسہ نکلوا کر رہوں گا، وزیراعلیٰ کے پی

July 28, 2024

مردان(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپورنے کہاہے کہ وفاقی حکومت منحوس لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہے وہ تباہ وبربادہوجاتی ہے اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہوجائیں، وفاق کچھ بھی کریں ان سے صوبے کا حق نکلواکر رہوں گا۔ وہ مردان میں نئے پولیس لائن کے افتتاح کے موقع پر خطاب او رمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پرصوبائی وزیرخوراک ظاہر شاہ طورو اورآئی جی خیبر پختون خوا نے بھی خطاب کیا جبکہ رکن قومی اسمبلی علی محمد خان،اراکین اسمبلی افتخارمشوانی، امیر فرزندخان،ا حتشام خان،ز رشادخان،طفیل انجم،طارق آریانی اورعبدالسلام آفریدی کے علاوہ آرپی او نجیب الرحمان بھگوی،کمشنر مردان آیازخان،ڈی پی او ظہوربابرآفریدی ڈپٹی کمشنر میاں بہزادعادل بھی موجودتھے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیس کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں پولیس میں ہمارا یا آپ کا بھائی ہے، ٹریفک پولیس سے درخواست ہے غریب کا چالان مت کریں،بڑی گاڑی رکھنے والے کو زیادہ چالان ہونا چاہیئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پولیس والا تلاشی لیتا ہے تو وہ آپ کیلئے لے رہا ہے، ہمارے پاس روڈ بڑے ہیں لیکن قانون پر عمل نہ کرنے سے ٹریفک کا نظام خراب رہتا ہے، قانون کی پابندی آئین کے مطابق سب کا فرض ہے علی امین گنڈاپور کاکہنا ہے کہ دہشتگردی کے باوجود پولیس کے جوان بہترین کام کررہے ہیں، شہدا کے پیکج کے حوالے سے معاملات اسمبلی میں پیش کریں گے وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ آئی جی کے پی نے جب بھی ہم سے مدد مانگی ہم نے پوری کی، پولیو ورکرز،پولیس،اساتذہ کے شہدا کو پلاٹ دیں گے۔