گوجرانوالہ: آپریشن کے پیسے بجلی کے بل میں ادا، دلبرداشتہ خاتون نے نالے میں چھلانگ لگا دی

July 28, 2024

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں آپریشن کے پیسے بجلی کے بل میں ادا کیے جانے پر خاتون نے نالے میں چھلانگ لگادی۔

خاتون کے گھر بجلی کا بل 10 ہزار روپے آیا تھا، جبکہ اس کے آپریش کےلیے پیسے رکھے ہوئے تھے جو بجلی کے بل کی ادائیگی کےلیے دے دیے گئے۔

گوجرانوالا میں مکی روڈ پر پیش آئے واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹی نے والدہ کو بچانے کی کوشش کی لیکن والدہ نالے میں کود گئیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ خاتون ڈوب کر لاپتہ ہوگئیں، ان کی تلاش کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

متاثرہ خاتون کے بیٹے نے بتایا کہ اس کی والدہ بیمار تھیں، آپریشن کےلیے پیسے جمع کیے تھے، بجلی کا اتنا بل آیا تو آپریشن کے لیے جمع پیسوں سے بل جمع کروا دیا۔

بیٹے کا کہنا تھا کہ آپریشن کے پیسے بجلی کے بل میں ادا کرنے کا معلوم ہونے پر اس کی والدہ دل برداشتہ ہوگئیں اور نالے میں کود گئیں۔