تین قریبی رشتہ دار پبلشرز کو بڑا ٹھیکہ، درسی کتب کی چھپائی میں تاخیر کی وجہ بنا

July 29, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں نصابی کتب کی اشاعت میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی ہےذرائع کے مطابق تین قریبی رشتہ دار پبلشرز کو چھپائی کا بڑا ٹھیکہ درسی کتب کی چھپائی میں تاخیر کی وجہ بنا اور اس کی وجہ سے تعلیمی سال کو دو ہفتے مزید بڑھانا پڑا۔ذرائع کے مطابق درسی کتب کا بڑا ٹھیکہ حاصل کرنے والوں نے تاحال سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو ایک کتاب بھی چھاپ کر نہیں دی ہے۔ یاد رہے کہ بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری کی تقرری میں محکمہ تعلیم میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسر نے نگراں دور میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ عدالتی احکامات کے باوجود چیئرمین بورڈ کی تقرری کے لیے نہ تو اخبار میں اشتہاردیا گیا اور نہ ہی سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ بورڈ کے چیئرمین عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ معاملات عدالت میں ہونے کی وجہ سے درسی کتب کی چھپائی کا ٹھیکہ تاخیر سے دیا گیا۔ تین قریبی رشتے داروں کو چھپائی کا بڑا ٹھیکہ دینے سے متعلق سوال پر عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ اس حوالے سے پریکیورمنٹ کمیٹی فیصلہ کرتی ہے تاہم کسی بھی پبلیشر کو اتنا کام نہیں دیا جاتا کہ وہ وقت پر کر نہ سکے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ تمام درسی کتب نہ صرف 15 اگست تک شائع ہوں گی بلکہ اسکولوں میں طلبہ تک پہنچ بھی جائیں گی۔ ادہر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز نے سکول کھولنے کے لیے وزیر اعلیٰ سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ کاشف مرزا (صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن اور دانش الزمان (چیئرمین پسما) نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بغیر کسی تاخیر کے اسکول کھولنے کا اعلان کریں۔