حکومت کی کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے اختلافات ہوں، بیرسٹر سیف

July 29, 2024

فائل فوٹو

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہحکومت کی پوری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے اختلافات ہوں تاکہ یہ مزے کرتے رہیں،ہمیں کالعدم قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئےبیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر ہم پر یہ الزام ہے کہ ہم ملک کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں تو میں اس کی تردید کرتا ہوں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہم نے کبھی بھی فوج کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش نہیں کی، ہم نے فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے کہ کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں، کچھ لوگوں کے ساتھ ذاتی اختلاف کی گنجائش ہوتی ہے اور ماضی سے رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ لوگوں سے اختلاف ہماری پولیٹیکس کا حصہ ہے، ہم نے کسی کے خلاف جارحانہ انداز میں بیان بازی نہیں کی،اسٹیبلشمنٹ سے گلے شکوے رہے ہیں، پالیسیوں پر اختلاف ہو سکتا ہے، بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے کہ پاکستان کی خاطر بات کرنے کے لیے تیار ہوں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے کوئی نیا میسج کسی کو نہیں دیا، یہ جو چور بیٹھے ہیں ان کی خواہش یہی ہے کہ پی ٹی آئی پر ایسی ہی آزمائش رہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، یہ ہمارے لیے ایک گھنٹے کی مار ہیں، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ہماری شکایات کو دور کیا جائے، سیاست کے میدان میں ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، فائدہ لینے کی کوشش کرنے والے معاملات کو بگاڑ رہے ہیں، بنوں میں معاملات سنبھال لیے، راضی نامہ ہوگیا لیکن امیر مقام اور عطا تارڑ کہنے لگے کہ یہ تو پی ٹی آئی نے کیا ہے، پاکستان کے مفاد میں جو کچھ ہوگا اس کے لیے کھڑے رہیں گے۔