لیاقت بلوچ کی جماعت اسلامی کی خواتین سے بدسلوکی کی مذمت

July 29, 2024

فائل فوٹو

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خواتین سے بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے۔

ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، پنجاب پولیس بسیں واپس کرے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے منصورہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت کی قیادت میں راولپنڈی میں چار روز سے دھرنا جاری ہے۔

ضیاء الدین انصاری کا کہنا ہے کہ خواتین دھرنے کے لیے روانہ ہونے لگیں تو پولیس نے بدتمیزی کی، بسوں سے اتار دیا، لوگ بجلی کے زائد بلوں پر خودکشیاں کر رہے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ یہ نہیں چاہتے اشرافیہ کی مراعات ختم ہوں یا آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم ہوں، حکومت سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو پنجاب اسمبلی، وزیرِ اعلیٰ ہاؤس اور چاروں صوبوں میں دھرنا دیں گے۔

منصورہ کے سامنے ملتان روڈ پر جماعت اسلامی کی خواتین کا دھرنا

منصورہ کے سامنے ملتان روڈ پر جماعت اسلامی کی خواتین نے دھرنا دے دیا۔

جماعت اسلامی کی خواتین کے دھرنے کے باعث ملتان روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ دھرنا مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔