PTI ارکان اسمبلیوں کا حلف نہیں اٹھا سکیں گے، قانونی مسودہ پیش کیا جائیگا

July 30, 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،رانا غلام قادر) تحریک انصاف کے نامزد اسمبلیوں کا حلف نہیں اٹھا سکیں گے، قومی اسمبلی میں آج قانونی مسودہ پیش کر دیا جائے گا،مبصرین اسے پہلا آئینی بم شیل قرار دے رہے ہیں،پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی حفاظتی بندوبست،حکومتی ارکان اسمبلی کو اجلاس کے لئے لازمی پہنچنے کی ہدایت،اسپیکر سردار ایاز صادق کا کردار اہمیت اختیار کر گیا،عمران کا جی ایچ کیو کے بعد چھاؤنیوں پر حملوں کا بھی اعتراف،آج 190ملین پاؤنڈ کا مقدمہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جائے گا،عمران کو ملٹری جیل لیجانے کی تیاری شروع ہو گی،اجلاس میں حکومت اور اپو زیشن ممبران کی جانب سے گر ما گرم تقاریر کا امکان ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان کے حوالے سے غیر مناسب بیان اور فتوے کی حکومت کی جانب سے شد ید مذ مت کی جا ئے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اس ایشو پر پالیسی بیان دیئے جانے کا امکان ہے۔قومی اسمبلی کا آٹھواں اجلاس آج (منگل) سہ پہر پارلیمنٹ ہائوس میں شروع ہوگا تو اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہوجائے گی حکومت پہلے دن کے نجی کارروائی کے لئے مخصوص ہونے کے باوجود قانون سازی کے لئے وہ سرکاری مسودات لائے گی جن کے نتیجے میں تحریک انصاف کو قومی اسمبلی اور بعد ازاں صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں پر اپنے ارکان کو رکنیت دلانا ممکن نہیں رہ جائے گا جنہیں وہ ایک متنازع اعلیٰ عدالتی فیصلے کی رو سے رکن بنانے کے لئے حلف دلانے کی خواہاں ہے۔

مجوزہ قانون سازی کو پہلا قانونی بم شیل قرار دیا جارہاہے جو اس اجلاس میں چلادیا جائے گا اور جس کے تناظر میں مزید قانونی و آئینی بم شیل چلائے جائیں گے۔

حد درجہ قابل اعتماد پارلیمانی ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو پیر کی شام بتایا ہے کہ اجلاس کے لئے خصوصی حفاظتی بندوبست کرلیا گیا ہے جس کا اطلاق ایوان کے اندر اور پارلیمنٹ ہائوس کے دوسرے حصوں پر ہوگا اس سلسلے میں سارجنٹ ایٹ آرمز کیپٹن اشفاق اشرف کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت نے اپنے ارکان کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ آج سے شروع ہونے والے اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ،اجلاس دو ہفتے تک جاری رہےگا۔ قومی اسمبلی کا یہ اجلاس شام پانچ بجے شروع ہوگا اس سے پہلے حکومتی جماعت اور حزب اختلاف کے ارکان الگ الگ پارلیمانی پارٹیوں کے صلاح مشورے کرکے اجلاس کے بارے میں حکمت عملی کو آخری شکل دینگے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اسلام آباد پہنچ گئے ہیں انہوں نے اجلاس سے قبل ہائوس بزنس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام پارلیمانی گروپس کے سربراہ شریک ہونگے اور ایوان کی کارروائی کے بارے میں ضابطہ عمل پر غور ہوگا ۔