بجٹ ٹیکس کی دہشتگردی کو روکنے میں ناکام رہا، راہول گاندھی

July 30, 2024

اسلام آباد(محمد صالح ظافر) بھارتی قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہاہے کہ بجٹ ٹیکس کی دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہاہے، بھارتی پارلیمنٹ میں پیر کواس وقت بجٹ تیاری کے موقع پر بھارتی وزارت خزانہ میں روایتی حلوہ تقسیم اور تیار ہونے کی بازگشت گونج اٹھی جب قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے بجٹ پر جاری طوفانی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ دیش کا حلوہ بٹ رہاہے اس پر خاتون بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتھارامن نے شرمندگی سے ہتھیلیاں منہ پر رکھ کر اسے چھپالیا۔ راہول گاندھی نےکہا کہ بجٹ ٹیکس کی دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہاہے انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ بجٹ سے کاشتکاروں، مزدوروں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مدد ملے گی لیکن اس بجٹ کا اکلوتا ہدف اجارہ داری کے قانون کو مضبوط بنانا، سیاسی اجارہ داری کو مستحکم کرنا اور ڈیپ اسٹیٹ یا ایجنسیوں کودینا ہے۔ بھارت میں ڈیپ اسٹیٹ خفیہ اداروں کو کہا جاتاہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بدعنوانی کے حوالے سے خفیہ دستاویزات افشا ہونے کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا۔انہوں نے حلوہ بنانے اور تقسیم کرنے کی تصویر ایوان میں لہراتے ہوئے کہا کہ جب یہ حلوہ بٹ رہا تھا مجھے اس میں بچھڑی ذاتوں، قبائلی یا کوئی دلت (نچلی ذات) کا کوئی افسر دکھائی نہیں دیا۔ بیس افسروں نے بجٹ تیار کیاہے اس کا مطلب ہوا کہ بیس لوگوں نے بھارت کا حلوہ بانٹنے کا کام کیا ہے۔اپنی معنی خیز تقریر میں راہول گاندھی نے کہا کہ پسماندہ طبقات یا اقلیتوں کا ایک افسر بھی اس تصویر میں دکھائی نہیں دیا۔ حلوہ توتقسیم ہوگیا لیکن 73فیصد اس میں شامل نہیں ہیں اپنی تقریر میں آگے چل کر انہوں نے زور دیکر کہا کہ بھارت میں ذات پات کی شماریات کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جب میں اظہار خیال کررہا تھا تو وزیر خزانہ مسکرائے جارہی تھیں۔