ملک آئین و قانون کے مطابق چلے گا، کسی کو قتل کا فتویٰ دینے کا حق نہیں دیا جاسکتا، وزیر قانون

July 30, 2024

سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا کسی کو منصف اعلیٰ کے قتل کا فتوی دینے کا حق حاصل ہے؟، اعظم نذیر تارڑ - فوٹو: فائل

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کا نظام آئین و قانون کے مطابق چلے گا، کسی کو قتل کافتویٰ دینے کا حق نہیں دیا جاسکتا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ختم نبوتﷺ کا عقیدہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ختم نبوتﷺ پر ہمارا کامل ایمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ یا عدالت عظمیٰ کو آئین کی تشریح کا اختیار ہے، عدالتوں کو آئین دوبارہ لکھنے کا اختیار نہیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا کسی کو منصف اعلیٰ کے قتل کا فتویٰ دینے کا حق حاصل ہے؟

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آقاﷺ کی حرمت پر آنچ آئے گی تو آواز بھی اٹھائیں گے اور ہاتھ بھی اٹھائیں گے۔ کسی کو یہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ گھر بیٹھ کر یا مجمع میں قتل کے فتوے دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کوئی ایک زد پر ہے، کل کوئی اور زد پر ہوگا۔ تمام جماعتیں ساتھ بیٹھ جائیں، اس پر بات کرلیتے ہیں۔ پارلیمان سب سے بڑا ایوان ہے، یہاں ہر بات شریعت، آئین و قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ملک کا نظام آئین و قانون کے مطابق چلے گا۔