شہری کی حراست‘ ڈالرز میں رقم وصولی‘ DSPسمیت 10معطل

July 31, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہری کو حراست میں لے کر ڈالرز میں رقم وصول کرنے والے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)کے ڈی ایس پی سمیت 10اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ملزمان نے اسکیم 33کے رہائشی شہری کو حراست میں لے کر ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے بھاری رقم وصول کی اور رقم ملنے کے بعد شہری کو چھوڑ دیا۔ رقم امریکی ڈالر میں وصول کی گئی تھی۔واقعہ 9 جولائی کو پیش آیا تھا ، ایس ایس پی ایس آئی یو عدیل حسین چانڈیو نے تحقیقات کیں تو واقعہ میں ملوث افسران اور اہلکاروں کی نشاندہی ہوگئی۔ اب تک اس کیس میں ڈی ایس پی سمیت 10 افسران و اہلکاروں کو معطل کیا جاچکا ہے ۔ عدیل چانڈیو کی رپورٹ میں ایک سب انسپکٹر اور اے ایس آئی سمیت 9 اہلکاروں کو قصور وار قرار دیا گیا تھا تاہم ڈی آئی جی آفس سے جاری حکمنامے کے مطابق ڈی ایس پی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔