محکمہ خوراک کی نئی پابندیوں سے آٹے کا بحران پیدا ہوگا‘ فلور ملنگ انڈسٹری

July 31, 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) محکمہ خوراک پنجاب نے مختلف اضلاع میں گندم اور آٹے کے نئے نرخوں کا نفاذ کر دیا ہے۔ اسی طرح فلور ملز پر محکمہ خوراک کی جانب سے پیکنگ اور تھیلا پرنٹنگ کی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ فلور ملنگ انڈسٹری محکمہ خوراک پنجاب کی طرف سے ناقابل برداشت پابندیوں کو ختم کرانے کیلئے پانچ اگست کو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے اجلاس میں محکمہ خوراک کے پیدا کردہ ان اہم مسائل کا جائزہ لیا جائیگا اور صوبائی حکومت کو فلور ملنگ انڈسٹری کے اس نکتہ نظر سے آگاہ کیا جائیگا کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں پنجاب بھر میں اُسی تناسب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جس تناسب سے ان پابندیوں کا مالی بوجھ انڈسٹری پر محکمہ خوراک ڈالے گا۔ پنجاب کی گیارہ سو سے زائد فلور ملوں نے واضح کر دیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں فلور ملنگ انڈسٹری کیلئے کام جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ پنجاب برانچ فلور ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار احمد مٹو کے بعد پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے سرپرست اعلیٰ شیخ طارق صادق نے منگل کو پنجاب برانچ کے اس موقف کی پرزور تائید کی کہ گندم اور آٹے کے غیر یکساں نرخوں اور گرائینڈنگ چارجز کے نتیجے میں گندم پسائی اخراجات‘ بجلی‘ پیکنگ‘ لیبر چارجز‘ ٹرانسپورٹیشن چارجز تمام اضلاع میں یکساں ہیں۔