وقار یونس نے پی سی بی کیلئے کام شروع کردیا

July 31, 2024

فائل فوٹو

وقار یونس نے بطور ایڈوائزر کرکٹ افیئرز پی سی بی چیئرمین کے عہدے پر کام شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ معاملات وقار یونس کو سونپے ہیں۔

وقار یونس کی پہلی اسائنمنٹ بنگلادیش کے خلاف سیریز کے معاملات دیکھنا ہیں، وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے سلیکٹرز اور کوچز کے ساتھ معاملات دیکھ رہے ہیں۔

بنگلادیش کے خلاف سیریز کا آغاز 21 اگست سے ہو گا جبکہ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کا اعلان اور کیمپ کا فیصلہ ہو گا، مہمان ٹیم 17 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات سابق کپتان وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ چیئرمین محسن نقوی انتظامی امور دیکھا کریں گے اور کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کا ذمہ دار ایک کرکٹر ہوگا۔