چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات سابق کپتان وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی انتظامی امور دیکھا کریں گے اور کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کا ذمے دار ایک کرکٹر ہو گا۔
شعبہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک، سلیکشن کمیٹی کے امور، کھلاڑیوں کے این او سی سمیت تمام فیصلے کرکٹر کرے گا جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ساری توجہ ایڈمنسٹریشن پر دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انتظامی امور پر چیئرمین محسن نقوی کا اولین فوکس ہے۔
سابق کپتان وقار یونس کو پی سی بی میں اعلیٰ عہدہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، وہ مینز کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے۔
پی سی بی آئین 2014ء کے مطابق چیئرمین اپنی پاور کسی کو سونپنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
وقار یونس قومی ٹیم سے متعلقہ تمام امور کے نگراں ہوں گے، وہ نیشنل سلیکشن کمیٹی وائٹ بال اور ریڈ بال کوچز کو دیکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی کرکٹ کے اہم امور میں تجربہ کار کرکٹرز کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔