عدالت نے رؤف حسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

July 31, 2024

رؤف حسن : فوٹو فائل

اسلام آباد کی انسداد دِہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ رؤف حسن کو شامل تفتیش کل کر لیا گیا تھا، گرفتاری آج کی گئی۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ رؤف حسن کو گزشتہ روز ایف آئی اے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا، ہمیں یہ کلیئر نہیں ہو رہا سی ٹی ڈی نے رؤف حسن کو گرفتار کب کیا؟

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے کہا کہ ضمنی رپورٹ میں لکھا ہے رؤف حسن کو کچہری کے احاطہ سے ہی تفتیش میں شامل کر لیا گیا، جس پر وکیل نے کہا کہ اس کا مطلب ہوا کہ کل ہی گرفتاری ڈال دی گئی تھی۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ رؤف حسن گزشتہ 8 روز سے ایف آئی اے کی کسٹڈی میں ہیں، دہشت گردی کے مقدمے میں رؤف حسن نامزد نہیں، بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا، الزام لگایا گیا کہ احمد وقاص جنجوعہ کو دہشت پھیلانے کےلیے 3 لاکھ روپے دیے، پیسے برآمد کرنے کےلیے تو جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

علی بخاری نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے 30 افراد کے موبائل فونز واپس کروائے تھے، رؤف حسن کے موبائل فون، لیپ ٹاپ ایف آئی اے کے پاس ہیں، اب جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟