وزیر داخلہ نے کرم کے دونوں گروپوں کی سرکردہ شخصیات کو بلالیا

July 31, 2024

محسن نقوی: فوٹو فائل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرم کے دونوں گروپوں کی سرکردہ شخصیات کو ملاقات کےلیے بلا لیا۔

مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رکن قومی اسمبلی حمید حسین کی قیادت میں ملاقات کےلیے کرم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کو غلط رنگ دیا گیا، علاقے کی سرکردہ شخصیات کو اس معاملے کے پائیدار حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے، حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

وزیر داخلہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ کرم میں زمین کے تنازع پر شروع ہونے والی جھڑپوں میں 50 افراد جاں بحق اور 225 سے زائد زخمی ہوئے، پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ 8ویں روز بھی بند ہے۔