جماعت اسلامی کے دھرنے میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ

July 31, 2024

جماعت اسلامی کے دھرنے میں فلسطینی مزاحمتی تحریک کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

غائبانہ نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پڑھائی۔ فلسطینی سفارتخانے کا وفد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوا۔

علاوہ ازیں ملک کے مختلف شہروں میں بھی اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران گئے تھے۔

حماس کی جانب سے بتایا گیا کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حماس کے سیاسی سربراہ پر حملے کے ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں اسماعیل ہنیہ کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی تدفین جمعہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کی جائے گی۔