ماں سے جدائی کا درد کبھی نہیں بھول سکتا: عمر شہزاد

August 01, 2024

اداکار عمر شہزاد ـــ فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمر شہزاد نے اپنی والدہ کے ساتھ گزرے خوشگوار لمحات کے بارے میں بات کی ہے۔

عمر شہزاد نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں میزبان نے ان سے یہ سوال کیا کہ’آپ کس شخص کے جانے کا درد زندگی بھر نہیں بھول سکتے؟‘

اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنی امّی سے جدائی کبھی نہیں بھول سکتا کیونکہ والدین کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

اداکار نے کہا کہ میں ہر سانس کے ساتھ اپنی والدہ کو یاد کرتا ہوں اب ان کا انتقال ہوئے 9 سال ہوگئے ہیں لیکن جن کے ساتھ انسان نے ہر روز صبح اُٹھنے کے بعد اور پھر رات کو سونے سے پہلے اپنا وقت گزارا ہو اور اپنے دل کی ساری باتیں بتائی ہوں اُنہیں بھلایا نہیں جا سکتا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ والدین کا انتقال دنیا کا وہ واحد لمحہ ہے جس کے لیے انسان خود کو کبھی تیار نہیں کر سکتا حالانکہ وہ یہ بات بھی جانتا ہے کہ زندگی اور موت اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے اور یہ برحق ہے سب کی تقدیر میں موت کا وقت مقرر ہے۔

عمر شہزاد نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے والدین حیات ہیں ان سے میں یہ کہوں گا کہ وہ جتنا وقت اپنے ماں باپ کے ساتھ گزار سکتے ہیں گزاریں کیونکہ میں اللّٰہ سے اب وہ ایک لمحہ مانگتا ہوں جو امّی کے ساتھ گزرے اور میں ان کی ساری خواہشات پوری کردوں لیکن اب یہ ممکن نہیں ہے۔